FORGOT YOUR DETAILS?

ایف پی سی سی آئی کو سیلز ٹیکس کے انتظامی اختیارات کو الگ کرنے پر تشویش، اس اقدام سے غیر دستاویزی معیشت میں اضافہ اور ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری اداروں پر بوجھ بڑھنے کا خدشہ

کراچی (20 نومبر 2026): فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جس کے تحت ان لینڈ ریونیو کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے مشترکہ انتظامی اختیارات کو ختم کرکے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی وصولی کے نظام کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے موجودہ مؤثر نگرانی کا نظام کمزور ہوگا اور ملک میں غیر دستاویزی معیشت مزید وسعت اختیار کرے گی۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی انتظامیہ کو الگ کرنے سے باہمی تصدیق اور جانچ پڑتال کا ایک اہم نظام متاثر ہوگا، کیونکہ جو کاروبار سیلز ٹیکس سے بچنے کے لیے اپنے کاروباری حجم اور فروخت کو چھپاتا ہے، وہ بوقتِ ضرورت اپنی حقیقی آمدنی بھی ظاہر نہیں کرتا۔ متحدہ نگرانی کے نظام کے تحت حکام ایک ٹیکس میں موجود تضاد کو دوسرے ٹیکس کے ریکارڈ کے ذریعے بآسانی سامنے لا سکتے ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ 2009 میں متعارف کرائے گئے انضمامی نظام کو ختم کرنا، جبکہ اس حوالے سے بیرونی اداروں کی جانب سے اصلاحات اور بیرونی مالی معاونت بھی حاصل کی گئی، پاکستان کے پہلے ہی سے کم ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو مزید متاثر کر سکتا ہے۔ پاکستان میں یہ شرح اس وقت 10.3 فیصد ہے، جبکہ حکومت نے اسے 15 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے بجائے انتظامی نظام کی تقسیم سے پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے مینوفیکچررز، درآمد کنندگان اور ڈسٹری بیوٹرز کو دوہری نگرانی، الگ الگ گوشوارے اور ایک ہی کاروباری لین دین کی دو مختلف تشریحات جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور ریجنل چیمبرز سندھ کے نمائندے عبدالرحمن خان نے وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر پر زور دیا کہ وہ اس انتظامی تقسیم کے فیصلے پر نظرثانی کریں اور ادارہ جاتی تقسیم کے بجائے مشترکہ کاروباری ریکارڈ اور مربوط ڈیٹا اینالیٹکس کو ترجیح دیں۔

عبدالرحمن خان نے مزید کہا کہ دو انتظامی ستونوں اور دوسرے نظام سے صوبوں میں دستاویزی کاروباری اداروں کے لیے تعمیلی اخراجات اور مشکلات میں اضافہ ہوگا، جبکہ غیر رسمی معیشت پر مؤثر نگرانی مزید بکھر جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاروبار کرنے میں آسانی اور صنعتی مسابقت کو متاثر کرنے والی تبدیلیوں کے نفاذ سے قبل کاروباری برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے اس بات پر بھی سختی سے کہا کہ ملکی سطح پر سیلز ٹیکس وصولیوں میں 1.7 فیصد کمی، جبکہ درآمدات کے مرحلے پر وصولیوں میں 17 فیصد اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ ٹیکس نظام ملکی کاروبار اور دستاویزی تجارت پر دباؤ بڑھا رہا ہے، خصوصاً سرحدی گزرگاہوں اور بندرگاہوں پر وصولیوں کے ذریعے، جبکہ دوسری جانب ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔

بریگیڈیئر افتخار اوپل، ایس آئی (ایم)، ریٹائرڈ۔

سیکریٹری جنرل ایف پی سی سی آئی

TOP