FORGOT YOUR DETAILS?

ایف پی سی سی آئی کا عثمان شوکت کی بطور چیف کوآرڈینیٹر مشیرِ وزیراعظم برائے صنعت و پیداوار تقرری کا خیرمقدم

کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے معروف کاروباری رہنما اور صنعت کار عثمان شوکت کی مشیرِ وزیراعظم برائے صنعت و پیداوار جناب ہارون اختر خان کے چیف کوآرڈینیٹر کے طور پر اعزازی (بلا معاوضہ) تقرری کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ہے۔

وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا تجارتی ادارہ اس اسٹریٹجک تقرری کی مکمل توثیق کرتا ہے، اور اسے حکومت اور پاکستان کی صنعتی و کاروباری برادری کے درمیان خلیج کو پاٹنے کی جانب ایک مثبت اور بروقت قدم قرار دیتا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ عثمان شوکت صنعتی امور، کارپوریٹ قیادت اور چیمبر کی نمائندگی کا وسیع عملی تجربہ رکھتے ہیں، کیونکہ وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے صدر، اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن (آئی اے اے) کے نائب صدر اور بانی لیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر کے طور پر نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مینوفیکچرنگ کے مسائل، ریگولیٹری فریم ورک اور برآمدی حرکیات پر عثمان شوکت کی گہری سمجھ انہیں اس قابل بناتی ہے کہ وہ عملی اور ترقی پر مبنی صنعتی پالیسیوں کی تشکیل میں مشیرِ وزیراعظم کی بھرپور معاونت کر سکیں۔

عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہتری کاروباری برادری، تجارت، صنعت اور معاشی وکالت کے لیے عثمان شوکت کی مخلصانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا اس اہم ذمہ داری کی بلا معاوضہ قبول کرنا پاکستانی صنعتی بحالی کے لیے ان کے عزم کی عکاسی ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ ان کی کوآرڈینیشن سے پالیسیوں پر عملدرآمد میں تیزی آئے گی، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی ہوگی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا ہوگا۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے صنعتی توسیع، برآمدات کے فروغ اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کی کاوشوں میں ہارون اختر خان اور عثمان شوکت کو ملک کے اعلیٰ ترین چیمبر کی جانب سے مکمل ادارہ جاتی حمایت اور قریبی تعاون کا یقین دلایا۔

بریگیڈیئر افتخار اوپل، ایس آئی (ایم)، ریٹائرڈ۔

سیکریٹری جنرل ایف پی سی سی آئی

TOP