Press Release

وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب نے مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم

کراچی( 21-07-2016) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب نے مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم سے اس مسئلے کے حل کے لئے اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ مسئلہ انیسو سینتالیس سے حل طلب ہے اور اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ ہونے کے نتیجے میں لاکھوں کشمیری عوام کا اعتماد متزلزل ہورہا ہے۔ شیخ خالد تواب نے کہا کہ کشمیریوں کی تین نسلوں نے وعدہ خلافیوں ، ظلم و بربریت کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ حق خود اردیت کی اس جدوجہد میں لاکھوں نہتے کشمیری عوام نے اپنی قیمتی جانیں گنوائی ہیں جو کہ اقوام متحدہ کی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شیخ خالد تواب نے اقوام عالم سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تحقیقات اور بحالی امن کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں تحقیقات کی اجازت دی جائے۔ ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں دراڑ آئی ہے بلکہ اس قسم کے واقئات سے دونوں ممالک کے درمیان دوریاں بڑھ جائیں گی۔ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر کا ماننا ہے کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری مضبوط تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے۔ وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربوں سے سیکھنا چائیے اور اقتصادی تعاون کے لئے اقدامات کرنے کی کوششیں جاری رکھنی چائیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو خطے کی تجارت کو نقصان پہنچے گا۔